آئی فون 15 کے اوور ہیٹ ہونے کی وجہ کیا؟ ایپل نے بتادیا

Oct 04, 2023 | 13:32 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ایپل نے انسٹاگرام اور دیگر مقبول ایپلی کیشنز کو آئی فون 15 کے حد سے زیادہ گرم  ہونے کے مسئلے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کا کہنا ہے کہ میٹا کی ملکیت ایپ سے منسلک سافٹ ویئر بگ  کی وجہ سے آئی فون 15  اتنے گرم ہو جاتے ہیں  کہ انہیں ہاتھ نہیں لگایا جا سکتا۔ ایپل اپنے جدید ترین آئی او ایس 17 آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے پر کام کر رہی ہے جو آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرومیکس کے سافٹ ویئر کے طور پر کام کرتا ہے۔
میٹا نےانسٹاگرام کے اس مسئلے کو تسلیم کیا ہے جسے کچھ صارفین نے ہیٹ گیٹ کا نام دیا ہے آئی فون کو گرم کرنے سے روکنے کی کوشش کے طور پر انسٹاگرام ایپ میں تبدیلی کی ہے۔ ایپل کے مطابق آئی فون کے گرم ہونے کا سبب بننے والی دیگر ایپلی کیشنز جن میں اوبر اور ویڈیو گیم اسفالٹ نائن شامل ہیں انکو ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔
ایپل کا اپنا سافٹ ویئر فکس کب جاری کیا جائے گا اس کے بارے میں بھی کوئی وقت نہیں بتایا گیا ۔ ایپل نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ہم نے ایسی وجوہات کو شناخت کیا جو آئی فونز کو توقع سے زیادہ گرم کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ایپل نے پہلے ہی صارفین کو ان مسائل سے آگاہ کر رکھا ہے۔
ویڈیو گیمز اور آگمنٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی جیسی ایپس کا استعمال کرتے وقت بھی ڈیوائسز گرم ہوسکتی ہیں کیوںکہ ان ایپس کو استعمال کرنے کے لیے بہت زیادہ پروسیسنگ پاور کی ضرورت ہوتی ہے  لیکن آئی فون 15 ماڈلز کے ساتھ ہیٹنگ کے مسائل ان عام حالات کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ ایپل نے  اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کا تعلق اس نئی ٹائٹینیم کیسنگ سے نہیں ہے جو اعلیٰ معیار کے حامل آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں استعمال کی گئی ہے جبکہ پرانے سمارٹ فونز میں سٹین لیس سٹیل کی کیسنگ استعمال ہوتی تھی۔
ایپل نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کیا ہے کہ نئے ماڈلز میں حد سے زیادہ گرمی کا مسئلہ اس کی ملکیتی لائٹننگ چارجنگ کیبل سے زیادہ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی یو ایس بی سی پورٹ کی طرف جانے سے منسلک ہو سکتا ہے جس کی بدولت کمپنی نے یورپی ریگولیٹرز کے معیار کی شرائط پوری کیں۔
ایپل نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ساتھ اوور ہیٹنگ کے مسئلے کو جلد حل کیا جاسکتا ہے  لیکن یہ مسئلہ اب بھی اس کی بڑی مصنوعات کی فروخت کو ایک ایسے وقت میں کم کرسکتا ہے جب کمپنی کو مجموعی فروخت میں سال بہ سال مسلسل تین سہ ماہیوں میں کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔مندی کی وجہ سے آئی فون کی فروخت متاثر ہوئی ہے، جو ایپل کی گزشتہ تین مالی سہ ماہیوں میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں نو ماہ میں مجموعی طور پر 4فیصد کم ہوئی ہے۔
ایپل آئی فون 15 پرو میکس کی ابتدائی قیمت بڑھا کر 1200 ڈالر کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو گزشتہ سال کے فلیگ شپ ماڈل کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہے۔ ایپل نے آئی فون 15 کے حد سے زیادہ گرم ہونے کے مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجوزہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ سے فون کی کارکردگی متاثر نہیں ہو گی جس کے بارے میں تجزیہ کاروں نے خبردار کیا تھا کہ اس بات کا امکان ہے۔

مزیدخبریں