ایک نیوز: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کاکہنا ہے کہ 2013سے 17کے دوران نوازشریف نے کام کرکے دکھایا،نوازشریف نے مہنگائی کے جن اور دہشتگردی کے فتنے کو شکست دی تھی،نوازشریف نے 3بار پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کی کوشش کی،سی پیک پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے منصوبے شروع کئے گئے، پاکستان کو نواز شریف جیسے سیاستدان کی ضرورت ہے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ بدترین سازش کے ذریعے نوازشریف کو نااہل کیا گیا،آج سازش کے کردار خود گواہی دے چکے کہ نوازشریف کیخلاف سازش ہوئی، پاکستان نے اس عمل کی بہت بھاری قیمت ادا کی، پاکستان پر ایک ناکامی مسلط کی گئی،جس شخص نے یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی اسے ایٹمی طاقت کی کنجیاں دے دی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے معاہدے پر کہا تھا یہ غریبوں کے مستقبل کا سودا کررہے ہیں،ہم نے اسمبلی فلور پر کہا تھا اس کا نتیجہ بدترین مہنگائی کی صورت میں نکلے گا، آج ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کے معاہدے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم 2024میں کامیاب ہو کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے،انشااللہ 2024سے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا، 2024سے ہم پھر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا آغاز کریں گے،نوازشریف کی قیادت میں ملکی معیشت بحال ہوگی،نوازشریف عالمی شخصیت، دوست ممالک سے مثالی تعاون بحال کرنے میں کامیاب ہونگے،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئندہ 3سال میں 70ارب ڈالر کے قرضے ادا کرنے ہیں،ہمارے پاس مزید کسی تجربے کی گنجائش نہیں،کوشش ہو گی ہم مزید قرضے لینے پر مجبور نہ ہوں،نوازشریف کا بیانیہ اس ہی امید کے گرد ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ نوازشریف کا پیغام ہے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات دلائی جائے گی،2013سے 17کے دوران نوازشریف نے کام کرکے دکھایا،نوازشریف نے مہنگائی کے جن اور دہشتگردی کے فتنے کو شکست دی تھی،انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے 3بار پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کی کوشش کی،سی پیک پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے منصوبے شروع کئے گئے، بھارت نے ہماری نقل کی اور وہ تسلسل کے ساتھ ہم سے آگے نکل گیا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ نوازشریف کو ہٹانے کے بعد پالیسیاں چھین لی گئیں، پاکستان کے ساتھ مزید اب یہ کھیل نہیں چل سکتا، پاکستان کو نواز شریف جیسے سیاستدان کی ضرورت ہے،ہمیں قومی اتحاد اور یکجہتی کیساتھ کامیابی مل سکتی ہے، آج ملک کی سیاست کو بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے، ادارہ جاتی سطح پر سب کو قدم سے قدم ملا کر کام کرنے کی ضرورت ہے،ن لیگ قومی سطح پر گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے اتحاد کو پروان چڑھائے گی،چیئرمین پی ٹی آئی کی کھوکھلی تقاریر کا نتیجہ ہے جو آج ہم اس حالت میں ہیں،ہم نے آمریت سے مقابلے کے دوران کبھی امریکا کو نہیں کہاکہ پاکستان کی امداد بند کر دو، پی ٹی آئی نے گھنٹوں دفاتر کے باہر بیٹھ کر عرضیاں دیں کہ پاکستان کی امداد بند کردو۔