چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ

Oct 04, 2023 | 12:30 PM

ایک نیوز: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا ہے۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، پاک فضائیہ کے زیر سایہ وجود میں آنے والا ایک بہترین تزویراتی منصوبہ ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا  کا دورہ، منصوبے کی اہمیت اور ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں قومی منظر نامے کو بدلنے کی اس کی صلاحیتوں کا ثبوت۔ 

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک آمد پر سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے دورے کے دوران پرنسپل اسٹاف آفیسرز سمیت اعلیٰ سطحی سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ 

دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو منصوبے میں شامل مختلف تنصیبات، تحقیق و ترویج اور نئی ابھرتی ہوئی ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز کے مراکز سے آگاہ کیا گیا۔ ائیر چیف کا جنرل ساحر شمشاد مرزا کو منصوبے کے جدید ترین ڈیزائن اور تحقیق و ترقی کے ماحول کے ذریعے اعلیٰ ترین ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ کلسٹرز میں سے ایک بنانے کے اپنے وژن کاذکر کیا۔ 

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی سرپرستی اور تعاون، جامع منصوبہ بندی اور مربوط کاوشوں کی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک  انتہائی قلیل وقت میں ترقی کے آسمان چھو رہا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ان کے ہر ممکن تعاون اور منصوبے میں خصوصی دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کیا۔ 

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کے تعاون کی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تصور کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانا ممکن ہوا۔ 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، قومی و تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ قراردیا گیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کے زریعے ملک کے لیئے کثیر الجہتی فوائد کا حصول ممکن ہو گا۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبہ تکنیکی ترقی کو متحرک کرنے اور قومی خود انحصاری کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے ریکارڈ وقت میں اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر پاک فضائیہ اور اس کے ہنرمند اہلکاروں کی تعریف کی گئی۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ایئر چیف کی متحرک قیادت کی  بھی تعریف کی۔ 

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ایئر چیف کے پختہ عزم اور انتھک کاوشوں کی بدولت اس منصوبے کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔ 

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹکنالوجی پارک منصوبہ تکنیکی ترقی کے حصول کے لیئے تعلیم و تربیت، صنعت اور مسلح افواج کے مابین تعاون کا مرکز ہے۔ منصوبے کے ذریعے جدت کا حصول، ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملکی سطح پر ایرواسپیس سے متعلقہ صلاحیتوں میں ترقی کے لیئے سہولیات کی فراہی ممکن ہو گی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا دورہ، پاکستان کی جانب سے ایرو اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ ڈومینز میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔

نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے، تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے اور تکنیکی جدت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے پاکستان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزیدخبریں