نگران وزیراعلیٰ کا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ کا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان
کیپشن: Caretaker Chief Minister's announcement to extend the scope of Central Business District Authority to Rawalpindi

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ راولپنڈی کے دوران سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے بزنس وویمنز،سمال اینڈ میڈیم انٹرپیرز اور کاٹیج انڈسٹریز کے ڈسپلے سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے منصوبے کی سائٹ پربیلچے کے ساتھ مٹی  کھدائی کرکے تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران سے ملاقات کی اور راولپنڈی کی بزنس کمیونٹی کو سرکاری ہسپتال لینے اور خود ہی چلانے  کی پیشکش کردی۔ اس کے علاوہ انہوں نے لاہور کے بعد سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ راولپنڈی میں پہلی مرتبہ پنجاب کابینہ کا اجلاس ایک منفرد اعزاز ہے۔ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے صوبائی وزراء اور افسران مل کر ڈلیور کر رہے ہیں۔ ٹیم ایک ہو تو ہی رزلٹ مثبت آتا ہے۔ ہمارے پاس جتنا بھی وقت ہے۔  پوری کوشش کرکے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف بورڈز میں میرٹ پر بزنس کیمونٹی کو آگے لا رہے ہیں۔ کاروباری شخصیات کو دیگر بورڈز میں بھی شامل کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں سی بی ڈی آنے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ کوشش ہے کہ ایک ماہ کے اندر سی پی ڈی راولپنڈی میں کام شروع کر دے۔ اس سے آپ کے کئی مسائل حل ہو جائیں گے۔ بزنس کیمونٹی آگے آئے اور ہسپتالوں میں بہتری کے لئے تعاون کرے۔ یورالوجی ہسپتال کو پی کے ایل آئی میں تبدیل کر دیا ہے اس سے ہسپتال کا معیار بہت بہتر ہو گا۔ 

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر اور چیف سیکرٹری ون ونڈو آپریشن پر بہت کام کر رہے ہیں۔ہم نےچین میں بھی ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔  پنجاب کے 6 بڑے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تجاویز کی روشنی میں ون ونڈو آپریشن بنا کر شروع کیا جائے گا۔ اگلے چند روز میں ون ونڈو آپریشن کو فائنل کر لیا جائے گا۔ اس سسٹم سے بزنس کیمونٹی کو 36 محکموں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اور   15 روز میں بزنس کمیونٹی کو این او سی جاری ہو گا۔ سی پی ڈی آنے سے راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ اکنامک زون کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ 

اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ محسن نقوی محسن پنجاب ہیں۔ محسن نقوی نے سروس ڈلیوری کے جو معیار متعین کیے ہیں وہ بے مثال ہیں اور ہم سب آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ میں نے ہر موقع پر یہ بات کی ہے کہ محسن نقوی پہلا وزیر اعلی ہے جس نے زبردست ٹیم تشکیل دی ہے اور پنجاب میں کام کرنے کے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ اگر آپ الیکشن لڑ رہے ہوتے تو آپ کی ریٹنگ بہت اوپر جانی تھی۔ میں یقینا آپ کو ووٹ دیتا کیونکہ ہم صرف کام دیکھتے ہیں۔ کام کی وجہ سے ہم سب آپ کی دل کی گہرائیوں سے عزت و احترام کرتے ہیں۔ 

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق   نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی ،سیکر ٹریز کمشنر، آر پی او اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔