ایک نیوز: ایشین گیمز باکسنگ ایونٹ میں میڈل کی آخری پاکستانی امید بھی دم توڑ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 19ویں ایشین گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں میڈل کی آخری پاکستانی امید دم توڑ گئی، 51 کلو گرام کوارٹر فائنل میں زوہیب رشید ازبکستان کے باکسر سے ہارگئے۔ویٹ لفٹنگ میں فرقان انور نے 81 کلو گرام میں مجموعی طور پر 299 کلوگرام وزن اٹھایا ، فرقان نے اسنیچ میں 133 اور کلین اینڈ جرک میں 166 کلوگرام وزن اٹھایا۔
کبڈی کے گروپ بی میں پاکستان نے کوریا کو 56-21 کے اسکور سے شکست دے دی،پاکستان گروپ کا تیسرا میچ بدھ کو ملائیشیا سے کھیلے گا۔بیڈمنٹن میں قومی پلیئرز کا سفر ختم ہوگیا،مینز سنگلز میں مراد علی کو چین کے شیفنگ لی نے 21-11 اور21-11 سے شکست دی، عرفان سعید جاپان کے کودائی ناراوکا سے میچ ہار گئے۔ویمنز سنگلز میں ماحور شہزاد کو ویتنام کی پلیئرز سے شکست ہوگئی۔ ڈبلز میں ماحور اور غزالہ صدیقی کو تھائی لینڈ کی جوڑی نے مات دے دی،دریں اثنا ایشین گیمز میں میزبان چین میڈلز کی ٹرپل سنچری کے قریب پہنچ گیا۔