اہم خبر: امریکی وزیردفاع کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ

اہم خبر: امریکی وزیردفاع کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ
کیپشن: Important news: US Defense Minister's telephone conversation with Army Chief General Asim Munir

ایک نیوز: امریکی وزیردفاع لائیڈ جے آسٹن سوم کی جانب سے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ 

یہ اعلان پاکستان کی جانب سےغیر قانونی طور پرمقیم تمام غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کیے جانے کے فورا بعد سامنے آیا ہے۔ 

پینٹاگون کے پریس سیکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے منگل کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے فون پر بات چیت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 اکتوبر کو نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت مایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے تھے۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کریں گے، یکم نومبر کے بعد کوئی بھی بغیر ویزہ اور پاسپورٹ ملک میں داخل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد جائیدادیں فوری بیچ دیں، اب پیپر تذکیرہ نہیں چلے گا صرف ای تذکیرہ اور پاسپورٹ پر داخلہ ممکن ہوگا۔ یکم نومبر کے بعد جو بھی آئے وہ ویزہ لے کر پاکستان آئے۔

خیال رہے کہ 10 اکتوبر سے افغان شہریوں کیلئے ڈیجٹائزڈ ای تذکیرہ نافذ کیا جا رہا ہے جو 31 اکتوبر تک نافذ رہے گا۔ اس کے بعد افغان باشندوں کو پاکستان میں داخلے کے لیے باقاعدہ ویزا لینا ہوگا۔