ایک نیوز: ایشیا کپ اور پی ایس ایل کے بعد اب چاہت فتح علی خان نے آئی سی سی ورلڈکپ کا ترانہ بھی ریلیز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بڑی حد تک چاہت فتح علی خان کے اندازگائیکی سے سمجھوتہ کرلینے والے سوشل میڈیا صارفین اب اُن کے ’بے مثال سُروں‘ پر اشتعال میں آنے کے بجائے محظوظ ہونا سیکھ گئے ہیں۔ ورلڈ کپ ترانہ بھی ان کی گزشتہ نایاب کاوشوں کی طرح ’سگنیچراسٹائل‘ پر مبنی ہے جس میں وہ کوئی ایک لائن پکڑ کر پورا گانا تشکیل دے ڈالتے ہیں۔
ورلڈکپ ترانے میں ’جیتیں گے‘ کی گردان ہے، چاہت فتح علی خان نے ہر ٹیم کا نام لیکر بھی شائقین کو نوید سُنائی ہے کہ جس جس سے بھی کھیلیں گے، ہم ہی جیتیں گے۔ صارفین نے انہیں سراہتے ہوئے دل کھول کر تبصرے کیے۔
چاہت فتح علی خان کا اصل نام کاشف رانا ہے جن کا کہنا ہے کہ انہیں گلوکاری کا شوق 1982 سے ہے جب انہوں نے شیخوپورہ میں ایک میوزک گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔اُن کے مطابق، ’میں جانتا تھا کہ میں ایک بہترین اداکار، پرفارمر،ماڈل اورگلوکار ہوں لہذا میں نے اپنے ٹیلنٹ کو اسکرین پرلانے کا فیصلہ کیا۔