اسدعمرسمیت عمران خان کی بہنوں کی ضمانت منظور،وکلاءسےدلائل طلب

Oct 04, 2023 | 09:33 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:9 مئی جلاؤ گھیراؤ پر درج مقدمات میں انسداد دہشتگری عدالت لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ 

 تفصیلات کے مطابق تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر بیان دیا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں قصوروار پائے گئے۔ جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گنہگار لکھا ہے۔ پولیس کو تفتیش کے لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔ 

تفتیشی افسر نے بیان میں کہا کہ علمیہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گی۔ دوسری جانب علیمہ خان ، عظمی خان ، اسد عمر کے وکیل برہان معظم ملک نے گرفتاری کی مخالفت کردی۔

وکیل نے دلائل میں کہا کہ علیمہ خان اور عظمی خان مقدمے میں نامزد نہیں ہیں۔ ہمیں وہ بیان دکھائے جائیں جس کی روشنی میں ہمیں قصوروار قرار دیا گیا۔ 

جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم ان کو 161 کے تمام بیان دکھا دیتے ہیں۔ عدالت نے کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کردی۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو  دوران سماعت چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آ گئیں۔  علمیہ خان نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں انصاف دیا جائے، ہم روز پیشی پر آتیں ہیں۔ اگر جیل میں بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں۔ ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی تو مانگ رہے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا سے حتمی دلائل طلب کر لیے۔

مزیدخبریں