ایک نیوز: رات گئے انصاف ہاؤس کے باہر ہنگامہ آرائی اور سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ واردات کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں اے ایس آئی شمعون دانیال کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ ہنگامہ آرائی،بلوہ، سرکاری کام میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار 20 سے 25 افراد انصاف ہاؤس کے باہر آئے، ملزمان نے انصاف ہاؤس کے باہر نعرے بازی کی، ملزمان تحریک انصاف کے چیئرمین کی رہائی کا مطالبہ کرتے رہے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد ڈنڈوں،لاٹھیوں اور آتشی اسلحہ سے لیس تھے، ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، ملزمان نے اہلکار عادل الرحمن سے ہاتھا پائی کی اور وردی پھاڑ دی، پولیس کی اضافی نفری پہنچنے پر ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچنگ کے دوران ملزمان کا پھینکا گیا ایک 30 بور پستول برآمد ہوا ہے۔ مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔