234 سالہ تاریخ میں پہلی بار امریکی اسپیکر عہدے سے فارغ

234 سالہ تاریخ میں پہلی بار امریکی اسپیکر عہدے سے فارغ
کیپشن: امریکا:ریپبلکنز نےہاؤس اسپیکرکوعہدےسےہٹادیا

ایک نیوز: امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس سےتعاون پر سخت گیر ریپبلکن اراکین مک کارتھی سے سخت ناراض تھےاور ان کے خلاف قرارداد پیش کردی گئی تھی۔ایوان نمائندگان میں سخت گیر ریپبلکن ارکان کی جانب سے میکارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر ایوان نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے اسپیکر کو فارغ کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دیا، ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا جب الیکشن کو محض ایک سال باقی ہے۔

ہٹائے گئے امریکی اسپیکر کیون مک کارتھی کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ میں اپنی لڑائی جاری رکھ سکتا ہوں البتہ اس کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگلے  ایک ہفتے تک امریکی ایوان نمائندگان میں کوئی اسپیکر  نہیں ہوگا، ریپلکنز  نے نئے اسپیکر کی تعیناتی سے متعلق 10 اکتوبر کو اجلاس بلایا ہے اور 11 اکتوبر کو نئے اسپیکر کیلئے ووٹنگ متوقع ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری قائم مقام اسپیکر نامزد

دوسری جانب امریکا کے ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری کو قائم مقام اسپیکر نامزد کر دیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مک ہینری نئے اسپیکر کے انتخاب تک خدمات سر انجام دیں گے۔

ری پبلکن اراکین کا کہنا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کے نئے اسپیکر کے لیے ووٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔اسپیکر کے انتخاب سے قبل منگل کی رات ایوانِ نمائندگان کی کانفرنس میٹنگ ہو گی۔

ری پبلکن رکن باب گڈ کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ نئے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ بدھ کو ہو گی۔