روزانہ چائے پینے کا یہ فائدہ حیران کر دے گا  

Oct 04, 2023 | 00:28 AM

ایک نیوز:کیا آپ کو چائے پینا پسند ہے؟ اگر ہاں تو یہ عادت ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے مرض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔آسٹریلیا کی ایڈیلیڈ یونیورسٹی اور چین کی ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ بغیر دودھ کی چائے پینے سے بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

 اس تحقیق میں 20 سے 80 سال کی عمر کے لگ بھگ 2 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا، جن میں سے 436 ذیابیطس جبکہ 352 ہائی بلڈ شوگر کے مریض تھے۔ ان افراد سے چائے پینے کی عادات کے بارے میں پوچھا گیا جیسے وہ روزانہ کتنے کپ چائے پیتے تھے یا سبز، سیاہ یا کونسی قسم کی چائے پینا پسند کرتے تھے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد روزانہ چائے پیتے ہیں ان میں ہائی بلڈ شوگر یا pre-diabetes کا خطرہ 53 فیصد گھٹ جاتا ہے جبکہ ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا امکان 47 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق عمر، جسمانی وزن اور طرز زندگی کی عادات کو مدنظر رکھنے پر بھی چائے کو ذیابیطس سے تحفظ کے لیے بہترین دریافت کیا گیا۔اس سے قبل متعدد تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چائے ینے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ سیاہ چائے پینے کی عادت سے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چائے پینے سے پیشاب کے راستے شکر کا اخراج بڑھ جاتا ہے، انسولین کی مزاحمت بہتر ہوتی ہے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

مزیدخبریں