ایک نیوز نیوز :2022 کے لیے طبعیات کا نوبل انعام ’’کوانٹم مکینکس‘‘ پر تحقیق کرنے والے تین سائنس دانوں ایلین ایسپیکٹ، جان کلوزر اور اینتون زِیلِنگر نے جیت لیا ۔
تفصیلات کے مطابق رائل سویڈش اکیڈمی کی جانب سے فرانس کے ایلین ایسپیکٹ، امریکا کے جان کلوزر اور آسٹریا کے اینتون زِیلِنگر کو فزکس کا نوبل انعام برائے 2022 دیا گیا۔
رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کا کہنا تھا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں نے اپنی تحقیق سے مزید بنیادی تحقیق کے راستے کھولے ہیں اور نئی عملی ٹیکنالوجی کے لیے راہیں ہموار کی ہیں۔ایوارڈ حاصل کرنے والے فرانس کے ایلین ایسپیکٹ کا تعلق یونیورسٹی آف پیرس-سیکلے سے اور آسٹریا کے اینتون زِیلِنگر یونیورسٹی آف ویانا سے وابستہ ہیں جبکہ امریکا کے جان کلوزر کیلیفورنیا میں ایک کمپنی کے مالک ہیں۔
ان تینوں سائنس دانوں نے 2010 میں بھی مشترکہ طور پر وولف پرائز جیتا تھا۔واضح رہے کہ بدھ کو کیمسٹری، جمعرات کو لٹریچر جب کہ جمعے کو امن کے نوبل انعام کا اعلان ہوگا اور سب سے آخر میں نوبل انعام برائے اکنامکس کا اعلان 10 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
سال دو ہزار بائیس کے لئے ‘نوبل پرائز ویک’ کا آغاز ہوچکا ہے، گذشتہ روز میڈیسن زمرے میں نوبل انعام دیا گیا تھا جسے سوئیڈن کے سیونٹے بپو نے اپنے نام کیا تھا۔
فزکس کا نوبل انعام امریکا، فرانس اور آسٹریا کے سائنس دانوں کے نام
Oct 04, 2022 | 22:14 PM