جائیداد کیلئے 4 بھائیوں کا لرزہ خیز قتل، ماسٹر مائنڈ کے ہولناک انکشافات

Oct 04, 2022 | 20:34 PM

ایک نیوز نیوز: راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں جائیداد کی خاطر 4 بھائیوں کو ایک ایک کرکے قتل کرنے والا مرکزی ملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11 سال میں 04 سگے بھائیوں کو راستے سے ہٹانے والے 03 ملزمان پولیس نے گرفتار کرلیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے پورے خاندان کو ختم کرکے جائیداد ہتھیانے کا منصوبہ بے نقاب کر دیا۔ ملزمان میں وارداتوں کا ماسٹرمائنڈ جاویداکرم، عمران اور عامر شامل ہیں۔ 

پولیس کے مطابق ماسٹر مائنڈ جاوید اور اسکی فیملی گزشتہ 30 سال سے زائد عرصہ سے مقتولین کے کرایہ دار تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ماسٹرمائنڈ جاوید نے اپنی شاطرانہ چالوں سے خاندان کے افراد کو اپنے مذموم منصوبے کا پتہ نہ لگنے دیا۔ ملزمان نے 02 ماہ میں پیرودھائی کے علاقے میں 02 سگے بھائیوں کو گھر کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ 18 جولائی کو ساجد جبکہ 27 ستمبر کواس کے ماجدکوقتل کیا گیا،جو ساجد کے قتل کے مقدمے کا مدعی تھا۔

پیرودھائی پولیس ماجد کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی کڑیاں جوڑتے جوڑتے ماسٹر مائنڈ تک پہنچی۔ اندوہناک داستان کے ماسٹر مائنڈ نے گرفتاری کے بعد ہولناک انکشافات کیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ماسٹر مائنڈ جاوید نے سال 2020 میں مقتول کے بڑے بھائی ملک ارشد کو اسلام آباد میں قتل کروا کر واقعہ کو حادثہ کا رنگ دیا تھا۔ ماسٹر مائنڈجاوید نے مقتول کے ایک اور بھائی ملک واجد کو بھی نشہ کی لت میں مبتلاکر کے غائب کروا دیا تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ماسٹر مائنڈ جاوید نے 2011 میں پیرودھائی کے علاقہ میں 17سالہ لڑکے کو اغواء کرکے قتل بھی کیا تھا، جس پر اسے معزز عدالت سے 03 مرتبہ سزائے موت سنائی گئی۔ جاوید کا مقتول کے والد سے جائیداد کا جھگڑا جس پر اس نے بیٹے کو اغواء کرکے تاوان بھی وصول کیاتھا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ ایک ہی خاندان کی پوری نسل کو راستے سے ہٹانے کے پیچھے کروڑوں کی جائیداد کا لالچ تھا۔ گرفتار نہ ہوتا تو ایک ایک کرکے سارے خاندان کو ختم کر دیتا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوایا گیا ہے۔ اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں