ایئرچیف کامیانوالی ایئربیس کادورہ،اہلکاروں کی بہادری کو سراہا

Nov 04, 2023 | 21:47 PM

ایک نیوز :ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو کادہشتگردی کانشانہ بننے والی ایئر بیس میانوالی کادورہ،اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت  کی تعریف کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نےاہلکاروں سے خطاب میں وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔

 ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہاء پسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔20اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نےپاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لیئے بروقت مدد فراہم کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو کاکہنا تھاکہ موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے۔ ہم قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

ترجمان کے مطابق " سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔ 

مزیدخبریں