ذکااشرف کا فخرزمان کو فون،پرفارمنس پر10لاکھ انعام کااعلان

ذکااشرف کا فخرزمان کو فون،پرفارمنس پر10لاکھ انعام کااعلان
کیپشن: Zak Ashraf's call to Fakhr Zaman, announcement of 10 lakh reward for performance

ایک نیوز :پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا فخرزمان کو فون،پرفارمنس کوسراہا۔10لاکھ روپے انعام کااعلان بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے  فخر زمان کی آج کی126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی پرفارمنس کو سراہا اور بہترین کھیل پیش کرنے پرمبارکباد بھی پیش کی ۔انہوں نے کہا مجھے امید ہے کے آپ آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

آئی سی سی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف  اہم میچ میں فخر زمان نے شاہد آفریدی کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا قومی ریکارڈ برابر کردیا۔ فخر زمان نے آج نیوزی لینڈ کے خلاف 81 گیندوں پر 126 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز  میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج کا دن میرے لیے خوش قسمتی کا دن تھا، اللہ کا شکر ہے کہ میں اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوا‘۔