ایک نیوز :پہلے ٹیکس ادائیگی کے حوالےسے دستاویزات جمع کرائیں،امریکا نے راحت فتح علی خان کو ویزا دینے سے انکارکردیا۔
تفصیلات کے مطابق 2015سے 2023کے درمیان امریکا میں حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے گلوکار راحت فتح علی خان کو کنسرٹ میں شرکت کیلئے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ویزا حاصل کرنے کیلئے آپ کو 2015 تا 2023 ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے آئی آر ایس ڈاکومنٹیشن اور بولی ووڈ ایونٹ ایل ایل سی کی طرف سے قانونی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی تاہم راحت فتح علی خان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے امریکا میں اپنے پروموٹرز کے ذریعے تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کر دی تھی۔
راحت فتح علی خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پروموٹرز سے رابطہ کرکے ان سے ٹیکسوں کی ادائیگی کے مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کیلئے کہا ہے اور اس کے بعد یہ دستاویزات سفارت خانے میں جمع کرائی جائیں گی۔
امریکا کا راحت فتح علی خان کو ویزا دینے سے انکار
Nov 04, 2023 | 18:28 PM