ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس راحیل کامران شیخ نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔
عدالت نے تحریری حکم میں لکھا ہے کہ پٹیشن میں آئینی اور مفاد عامہ کے سوالات اٹھائے گئے ہیں، اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے بھی نوٹس جاری کیا جاتا ہے، فریقین معاملے پر 30 نومبر تک جواب جمع کروائیں۔
واضح رہے کہ نبیل جاوید کاہلوں ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں پی آئی کی نجکاری کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری قومی مفاد کا معاملہ ہے، نگران حکومت کے پاس پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے میں دخل اندازی کرنے کا کوئی اختیار نہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نگران حکومت کا اختیار محدود ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری پی آئی اے ایکٹ 2016 کے خلاف ہے۔