سلطان جوہر کپ سیمی فائنلز، پاکستان اور بھارت دونوں کو شکست

Nov 04, 2023 | 11:25 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سلطان جوہر ہاکی کپ کےدوسرے سیمی فائنل میں  آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلےمیں دو گول سے ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بھارو میں جاری 11ویں سلطان جوہر ہاکی کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل سنسنی خیز رہا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے 18ویں منٹ میں کوپر جبکہ 26ویں منٹ میں بروڈی نے فیلڈ گول کئے۔

 پاکستانی ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے کئی حملے کیے مگر مقررہ وقت کے اختتام تک پاکستان کی ٹیم ایک گول کرنے میں ہی کامیاب ہوسکی۔ پاکستان کی جانب سے یہ گول کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل کپتان عبدالحنان شاہد نے اسکور کیا۔

اس سے قبل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے شکست د ے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ایونٹ کا فائنل جرمنی اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں