ایک نیوز: پاکستان ایئرفورس کے ٹریننگ بیس پر کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، تمام 9 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا کہ میانوالی میں ایئرفورس کے ٹریننگ بیس پر ہونے والے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا اور حملہ آور ہونے والے تمام 9 دہشت گرد واصل جہنم کر دیئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایئرفورس کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، حملے کے دوران 3 غیر آپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر دہشت گردوں نے علی الصبح حملہ کیا، جو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، دہشت گرد حملہ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرکے اہم دفاعی اثاثوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا.
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے وقت سیکیورٹی اہلکاروں نے غیرمعمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو بیس میں داخل ہونے سے روکا اور ہلاک کردیا جبکہ باقی دہشت گردوں کو محدود کر دیا گیا، تاہم حملے کے دوران، پہلے سے گراؤنڈ کئے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو بھی کچھ نقصان پہنچا.علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں.دہشتگردی کے خلاف فوری اور موثر کارروائی امن دشمنوں کے لئے واضح پیغام ہے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے مادر وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ گراونڈڈ ائیر کرافٹس سے مراد وہ طیارے ہیں جو پرانے ہونے کے باعث استعمال میں نہیں تھے۔آج کا حملہ انتہائی منظم دہشت گردی کے پھیلائو اور اس کے تانے بانے ظاہر کرتا ہے۔ایسے کٹھن حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ مزاحمتی قوتیں غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی سے خوش نہیں۔اس وقت انتہا پسندی، سرحد پار نقل و حرکت، اسمگلنگ اور دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے نظام کے خلاف معاشرتی طور پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔آج میانوالی اور کل پسنی میں ہونے والے حملوں میں بھارت اور دیگر دشمن عناصر کے ملوث ہونے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔