ایک نیوز :ایک نئی تحقیق کے مطابق قدیم چینی مارشل آرٹ ٹائی چی ڈیمینشیا کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔
سائنس دانوں نے 65 برس سے زیادہ عمر کے کمزور ہوتی یادداشت کے مسئلے سے دوچار 200 سے زائد افراد پر تحقیق کی۔ تحقیق میں شرکاء سے ورچوئل ٹائی چی پروگرام مکمل کرنے کے لیے کہا گیا۔ ساڑھے پانچ مہینوں کے بعد ان افراد کی یاد داشت، سمت بندی، نیند کے معیار اور ڈپریشن کی پیمائش کے لیے متعدد امتحان لیے گئے اور حاصل ہونے والے نتائج کا اس گروپ کے ساتھ موازنہ کیا گیا جن کو اسٹریچنگ کی ورزشیں کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
وہ افراد جنہوں نے مخصوص قسم کی ٹائی چی (جس میں لچک اور توازن کو بہتر کرنے کے لیے الفاظ اور فقرے کہتے ہوئے مخصوص حالتیں قائم کرنی پڑتی ہیں) کی تھی ان کی دماغی صلاحیتوں میں اسٹریچنگ کرنے والے گروپ کی نسبت تین گنا زیادہ بہتری دیکھی گئی۔جبکہ ایک سال بعد لیے گئے فالو اپ ٹیسٹ میں یہ بہتری جاری رہی۔
بین الاقوامی جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق پر تبصرہ کرتے ہوئے محققین کا کہنا تھا کہ مطالعے کے نتائج بتاتے ہیں کہ ورزش کا معمول ممکنہ طور پر ڈیمیشنیا کے خطرات کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیق میں دیکھے جانے والی بہتری کی شدت یہ ظاہر کرتی ہےکہ ٹائی چی کمزور ہوتی دماغی صلاحیتوں کو متعدد سالوں تک سست رفتار کرسکتی ہے یا اس کیفیت کا مقابلہ کر سکتی ہے اور دماغ کی فعلیت برقرار رکھ سکتی ہے۔