سموگ کا تدارک :آلودگی پھیلانے والی فیکٹریاں  سیل کرنے کا حکم

Nov 04, 2023 | 00:14 AM

ایک نیوز : آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کیخلاف خطرے کی گھنٹی بج گئی ۔لاہور  ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواست پر آلودگی پھیلانے والی فیکٹروں کو سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

 تفصیلات کےمطابق جسٹس شاہد کریم نے قرار دیا کہ جو فیکٹریاں کالا دھواں چھوڑ رہی ہیں، انہیں سیل کیا جائے جب تک وہ بیان حلفی نہیں دیں گے تو ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔ بیان حلفی یہ دیں کہ اگر دوبارہ خلاف ورزی ہوئی تو فیکٹری کو مسمار کر دیا جائے گا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے لیے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، جس میں عدالتی حکم پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا ،لیگل ڈائریکٹر عبدالرزاق سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ اگر کوئی گاڑی سموگ کا باعث بن رہی ہے تو اس کی تصویریں بنائیں ۔

 اگلے سال سے ہمیں شروع ہی سے بڑے اقدامات کرنے پڑیں گے۔ یہ دو ماہ بہت اہم ہیں۔

کمشنر لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں گے۔ ہم نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ سموگ پھیلانے والی گاڑیوں کو بند کیا جائے، ہم نے سائیکلنگ کے رجحان کے لیے کافی اقدامات کیے ہیں۔ ہم نے  ٹیپا سے بات کی ہے کہ سائیکلنگ کے لیے ایک ٹریک بنایا جائے۔
 

مزیدخبریں