ایک نیوز نیوز: شوکت خاتم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دائیں ٹانگ سے گولی کے ٹکڑے نکال دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکڑے نہ نکالنے سے مرکزی شریان متاثر ہونے کا خطرہ تھا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے دونوں ٹانگوں کے ایکسرے دکھائے جن میں گولیاں لگی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عمران خان کو چار گولیاں لگیں، دائیں طرف کی ٹانگ میں لگی ہوئی ایک گولی نے ہڈی کو نقصان پہنچایا، بائیں طرف ٹکڑے چھوٹے تھے جنہوں نے کوئی فریکچر نہیں کیا۔
ڈاکٹر فیصل کے مطابق دائیں ٹانگ میں مرکزی شریان کے انتہائی قریب ٹکڑے موجود تھے، اگر یہ شریان کٹ جائے تو بہت تیزی سے خون نکلتا ہے اس لیے سرجری کرکے یہ چاروں ٹکڑے نکالے گئے۔ بائیں طرف سے کوئی ٹکڑا نکالنے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ وہ کوئی خطرہ نہیں بن رہے تھے۔
دوسری جانب عمران خان نے بھی اپنی پریس کانفرنس کے دوران اپنی صحت کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے۔ انہیں دوبارہ زندگی ملی ہے۔ ٹانگ میں لگنے والی ایک گولی ایسی شریان کے نزدیک سے گزری کہ اگر وہ شریان کٹ جاتی تو 20 منٹ میں مرسکتے تھے۔