الخدمت فاؤنڈیشن نےسیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا

الخدمت فاؤنڈیشن نےسیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا
سورس: pic from facebook

ایک نیوز نیوز: الخدمت پہلے مرحلے میں 40 کروڑ روپے سے 5 ہزار سیلاب متاثرہ کسانوں کو گندم کی فصل کےلیے بیج، کھاد، زرعی ادویات اور اسپرے فراہم کر رہی ہے۔

کسان بحالی پراجیکٹ کی تقریب رونمائی تونسہ شریف ضلع ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی، جس میں سیلاب سے متاثرہ 100 کسانوں میں بیج، کھاد،اسپرے اور زرعی ادویات تقسیم کی گئیں۔  اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جہاں دیہی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا، وہیں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہونے کے باعث چھوٹے زمیندار بری طرح متاثر ہوئے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیرِ نو کے کام کاآغاز کر چکی ہے۔بحالی و تعمیرِ نو کے دیگر پراجیکٹس کے ساتھ جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کے لئے کسان بحالی پراجیکٹ شروع کیاگیا ہے، ایسے علاقے جہاں سے سیلاب کا پانی اتر چکا ہے وہاں کے کسان اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ جبکہ پانی اترنے کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کے تحت 5 ایکڑ یا اس سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو بیج، کھادیں، اسپرے اور زرعی ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 40 کروڑ روپے سے 5 ہزار کسانوں کو یہ پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔


محمد عبد الشکور نے کہا کہ کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے ہم انفرادی طور پر کسان اور اس کے خاندان کا دست و بازو بن کر انہیں بھوک اور افلاس سے بچانے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر غذائی قلت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کےلیے الخدمت نے پروفیشنل زرعی اداروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ الخدمت کی مقامی ٹیمیں اور زرعی کمپنیاں سیلاب متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد کسانوں اور زمین کا تعین کر رہی ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 25 سے 100 کسانوں پر مشتمل ایک کلسٹر بنایا گیا ہے۔ ان کسانوں کی تربیت اور راہنمائی منتخب کردہ زرعی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ زرعی کمپنی کی ٹیم بیج کی بوائی سے فصل کی کٹائی تک کے تمام مراحل میں کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔

صدر الخدمت نے کہا کہ چھوٹے زمیندار وسائل نہ ہونے کے باعث کاشت کاری کےلیے روایتی طریقہ کار اپناتے ہیں جس کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار کم ہوتی ہے۔ الخدمت   کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے کسانوں کو کاشتکاری کی نئی تکنیک سے متعارف کرواتے ہوئے زمین کی زرخیزی، فصل کی نشوونما اور پیداوار میں اضافہ کےلیے تربیت دے گی۔


اس موقع پر کسانوں نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ بہترین بیج اور کھاد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مناسب رہنمائی سے گندم کی آئندہ فصل میں بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہوگا۔