کورونا کی دوسری لہر اور عوام کی بے احتیاطی ایک ساتھ جاری

کورونا کی دوسری لہر اور عوام کی بے احتیاطی ایک ساتھ جاری
لاہور(ایک نیوز نیوز) پنجاب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق کورونا کے مزید تین سو تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے .

تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، حکومت اور شہریوں کے لئے باعث تشویش بن گیا ۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کئے گئے اعداو شمار کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں سے مزید تین سو تین نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں.

لاہور میں ایک سو انتالیس ، راولپنڈی میں چھتیس ، وہاڑی میں تین جبکہ ملتان میں پینتیس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اسی طرح سرگودھا میں گیارہ ، سیالکوٹ میں چھ اور فیصل آباد میں اکیس کیسز سامنے آئے ہیں .

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب میں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار ایک سو ستانوے ہو گئی ہے جبکہ مزید آٹَھ افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہزار تین سو اسی تک پہنچ گئی ہے.

پنجاب حکومت شہریوں پر زور دے رہی ہے کہ کورونا سے بچنا ہے تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں ۔تاہم علامات ظاہر ہونے پر فوراََ1033 پر رابطہ کریں.