پی آئی اے نے حج آپریشن کا اعلان کردیا

May 04, 2024 | 18:51 PM

ویب ڈیسک:قومی ایئرلائن کا قبل از حج آپریشن کا آغاز 9مئی سےہوگا جو 10جون تک جاری رہے گا ۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے رواں سال 34ہزار عازمین حج کو 170پروازوں کے ذریعےحجازمقدس پہنچائے گا ۔ 19 ہزار سرکاری حج سکیم اور 15 ہزار  پرائیویٹ حجاج پی آئی اے کے  ذریعے سفر کریں گے۔

پی   آئی اے 8   شہروں بشمول اسلام اباد ، کراچی ، لاھور ، پشاور ، ملتان ، کوئٹہ ، سیالکوٹ ، اور سکھر سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لئے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گی ۔

رواں سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام  آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا۔عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے۔ اس سے جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کیلئے طویل قطاروں کی کوفت سے بچت ہوگی ۔

دوسری جانب پی آئی اے نے حجاج کی آگاہی کیلئے ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلیکیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے ۔

ترجمان کے مطابق حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا ضروری اندراج کروائیں تاکہ پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہے ۔تمام حجاج کرام سے استدعا ہے کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔

مزیدخبریں