ایک نیوز:عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگا دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ہر شعبہ زندگی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ۔ اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف میں پاک فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ایک پروقار تقریب میں باکسر عامر خان کو اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے گئے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا ۔
اعزازی کیپٹن کا رینک لگانے کے بعد باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ ”پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی خوشی مجھے عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی۔پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے۔
باکسر عامر خان کامزید کہنا تھا کہ میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے، ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی۔ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کےجوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔