ایک نیوز : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ’الزام تراشی‘ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طرف سے مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضابطہ فوجداری کے تحت کسی شہری کو بدنام کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔بشریٰ بی بی کی ایماء پر فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ۔ نوٹس میں مریم نواز سے 7 روز کے اندر بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے یکم مئی کو لاہور میں ایک تقریر میں بشریٰ بی بی کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی۔
بیان واپس نہ لینے پر مریم نواز کو ضابطہ فوجداری اور ہتکِ عزت سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کڑی تنبیہ کی گئی ہے۔ مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریر کا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر بشریٰ بی بی اور ان کے اہلِ خانہ کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہیں۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غلط بیانی، بشریٰ بی بی کے خلاف ہرزہ سرائی اور سیاسی مقاصد کے لیے الزام و دشنام کی منظم مہم پر ضابطہ فوجداری کے تحت 5 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔