عدالت نے مراد سعید کو ہراساں کرنے سے روک دیا

May 04, 2023 | 15:32 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: لاہورہائیکورٹ نے مراد سعید کوغیرقانونی طور پر ہراساں کرنے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس انوارالحق پنوں نے مرادسعید کی درخواست پرسماعت کی ہے،عدالت نے مراد سعید کے خلاف وفاق اور تمام صوبوں سے مقدمات کا ریکارڈ منگوالیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ ادارےمقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کررہے ہیں، درج مقدمات میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوکرضمانت کروانا چاہتا ہوں۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنےکاحکم دے۔

قبل ازیں اکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر  ہو ئی تھی۔ مراد سعید کی جانب سے حفاظتی ضمانت اور زیر تفتیش تمام کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعاکی گئی تھی۔ مراد سعید نے پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں کے کیسز کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری سے روکنے کی استدعا بھی کی تھی۔

مراد سعید کی درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختو نخوا کو فریق بنایا گیا ۔ مراد سعید نے ڈی جی ایف آئی اے اور چیرمین نیب کو بھی فریق بنایا ۔ مراد سعید کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مسلسل مقدمات کا اندراج کررہی ہیں۔ درخواست گزار اور تحریک انصاف کے رہنماوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ درخواست گزار اور تحریک انصاف کے رہنماوں کے خلاف کارروائیاں آئین و قانون کے خلاف ہیں۔

مراد سعید  نےموقف اپنایا کہ متعلقہ حکام کو ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے درخواستیں دی ہیں۔سرکاری حکام کی جانب سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ہیں،عدالت تمام نامعلوم درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرے اور عدالت ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں