امید کرتا ہوں، شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس کامیاب رہے گا، بلاول بھٹو

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، بلاول بھٹو گووا پہنچ گئے
کیپشن: Shanghai Cooperation Organization meeting, Bilawal Bhutto reached Goa

ایک نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت پہنچ گئے، وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی شہر گووا پہنچ گئے۔ چین کے وزیر خارجہ بھی بھارت کے شہر گوا پہنچ گئے۔ پاکستان اور چین کے وزیر خارجہ کی آج گوا میں ملاقات بھی ہوگی۔

پاکستان نے فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا تھا جس پر بھارت نے بلاول بھٹو زرداری کے طیارے کے گووا جانے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھارت روانگی سے قبل اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں بھارت میں ہونیوالی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کروں گا، گووا جانا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایس سی او کے چارٹر کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری دیگر ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے کسی بھی وزیر خارجہ کا یہ 12 سال میں پہلا دورۂ بھارت ہے، بلاول بھٹو زرداری 5 مئی کو ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

بھارت روانگی سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، طاہر بزنجو کو فون کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے تمام رہنماؤں کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت کے دورے سے متعلق اعتماد میں لیا۔