عمران خان نے پیشگوئی کےزیراثرعدت میں پہلا نکاح کیا،شادی کی تقریب فراڈ تھی، عون چودھری

بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہم میاں بیوی رہیں گے تو آُپ وزیراعظم بن جائیں گے، عون چودھری
کیپشن: Bushra Bibi said that if we remain husband and wife, then you will become the Prime Minister, Aun Chaudhary

ایک نیوز: عمران خان کا بشریٰ بی بی سے دوران عدت نکاح کے معاملے پر نئی پیش رفت سامنے آگئی۔ عمران خان کے قریبی ساتھی رہنے والے عون چودھری کابیان قلمبند کردیا گیا۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا پہلا نکاح عدت میں پیشگوئی کے زیراثر کیا گیا۔ بعد میں شادی کی تقریب فراڈ پر مبنی تھی۔ 

تفصیلات کے مطابق درخواست گزار وکیل رضوان عباسی نے عون چوہدری کا بیان قلمبند کروا دیا۔ عون چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا نام محمد عون ثقلین ہے، عمر 44 سال ہے اور وہ فی الوقت وزیراعظم کے مشیر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ عمران خان کے ذاتی اسسٹنٹ، سیاسی سیکرٹری اور نہایت قریبی ساتھی تھے۔ میں عمران خان کے تمام سیاسی اور ذاتی معاملات کو بھی دیکھتاتھا۔ عمران خان کی ریحام خان سے 2015 میں طلاق ہوئی۔ عمران خان کو بشریٰ بی بی نے کہاکہ فی الفور ریحام خان کو طلاق دےدو۔ یہی تمہارے لیے بہتر ہے۔ 

انہوں نے بیان میں بتایا کہ ریحام خان ملک میں موجود نہیں تھیں لیکن بشریٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دےدی۔ ریحام خان کو ای میل پر عمران خان نے طلاق دی۔ عمران خان طلاق کے بعد ذہنی پریشانی کا شکار رہتےتھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مجھے اکثر اوقات کہتےکہ مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جاؤ۔ بشریٰ بی بی کے ساتھ عمران خان کا ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 31 دسمبر 2017 کو عمران خان نے کہا کہ یکم جنوری کو بشریٰ بی بی سے نکاح کرنا ہے۔ عمران خان نے مجھے کہاکہ نکاح کے انتظامات کرو۔

عون چودھری نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی بات پر میں نے حیرانگی کا اظہار کیااور کہاکہ بشریٰ بی بی پہلے سے شادی شدہ ہیں۔ میرےسوال کرنے پر عمران خان نے مجھے بتایاکہ بشریٰ بی بی کی طلاق ہوگئی ہے۔ میں نے عمران خان کا یقین کیااور اگلے دن مفتی سعید اور زلفی بخاری کو لے کر لاہور روانہ ہوگیا۔

عون چودھری کے بیان کے مطابق یکم جنوری 2018 کو عمران خان کا بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح لاہور میں ہوا۔ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کا گواہ ہوں۔ نکاح سے قبل مفتی سعید نے میرے سامنے بشریٰ بی بی کے طلاق نامے کا استفسار کیا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے مفتی سعید کو کہاکہ طلاق نامہ دےدیاجائےگا۔

انہوں نے اپنے دیے گئے بیان میں کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے بعد معلوم ہواکہ پہلے نکاح کے وقت عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہواتھا۔ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو عدت کا دورانیہ مکمل نہ ہونے کا علم تھا۔ بشریٰ بی بی کے عدت کے دوران نکاح کی بات میڈیا پر بھی آگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھے بلا کر بتایاکہ عدت کا دورانیہ 18فروری کو مکمل ہوگا۔ عمران خان نے مجھے کہا 18 فروری کو ہی میرے دوبارہ بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح کرنے کے انتظامات کرو۔ عدت کا دورانیہ 18 اور 14 فروری 2018 کے درمیان مکمل ہوناتھا۔

عون چودھری نے بتایا کہ میں نے عمران خان سے دورانِ عدت نکاح کا استفسار کیا۔ مجھے عمران خان نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو حکم ملاتھا کہ سال 2018 کے پہلے دن نکاح ہوگا۔ عمران خان کو بشریٰ بی بی نے کہاکہ ہم میاں بیوی رہیں گے تو میں وزیراعظم بن جاؤں گا۔ عمران خان کی شادی کی تقریب اور نکاح فراڈ پر مبنی تھا۔ عمران خان نے پیشگوئی کے زیر اثر پہلا نکاح کیا۔ عون چوہدری کا بیان سول جج نصرمِن اللہ بلوچ کی عدالت میں قلمبند ہوگیا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی کیس 10 مئی تک ملتوی کردیا گیا۔