سرکار نےعمران خان کو پکڑنا ہو تو میانوالی میں مقدمہ درج کر کے پکڑ لے: اے ٹی سی جج

May 04, 2023 | 12:19 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کرنے کے کیس میں آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔اے ٹی سی جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہو کر عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا ہے کہ عمران خان آج 9 مقدمات میں اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہو رہے ہیں۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ عمران خان ساڑھے 12 بجے تک اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہوں گے، ڈھائی بجے کیس شروع ہو گا۔ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی خدشات ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے آنے تک اے ٹی سی کیس التوا کر دے۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے دروازے سے گزر کر عمران اسلام آباد ہائی کورٹ جاتے ہیں۔آپ کہتے ہیں تو عمران خان کو خوش آمدید کہنے کے لیے اپنا عملہ بھیج دیتا ہوں۔ عمران خان اے ٹی سی آتے ہیں تو ضمانت میں توسیع کر دی جائے گی۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اس سے قبل بھی ہائی کورٹ کی بنیاد پر ضمانت میں توسیع کی گئی، وہ اگر نہیں آتے تو استثنیٰ اور ضمانت میں توسیع کی درخواست خارج کی جائے۔

اے ٹی سی جج نے پراسیکوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے عمران خان کو پکڑنا تو پھر بھی نہیں ہے۔

جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ  سرکار کے پاس سو بہانے ہیں، پکڑنا ہو تو میانوالی میں مقدمہ درج کر کے پکڑ لیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک اے ٹی سی نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

مزیدخبریں