سوشل میڈیا کا خوف: چورنے نابینا قاری کا موبائل،نقدی واپس کردی

نابینا قاری کو لوٹنے والے چور نے شرمندگی میں موبائل واپس بھیج دیا
کیپشن: The thief who robbed the blind reader sent the mobile back in shame(file photo)

ایک نیوز: کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا تھا جہاں چور نے نعت ریکارڈ کرنے کے بہانے سے نابینا قاری سے موبائل لیا اور فرار ہوگیا۔ تاہم سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد چور اس حد تک خوفزدہ ہوا کہ نہ صرف موبائل واپس کردیا بلکہ لوٹی رقم بھی واپس کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کی طاقت کا اندازہ ہر کچھ عرصے بعد ہوتا ہے لیکن حال ہی میں ایک ایسا ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا ہے جس نے اس تاثر کو مزید تقویت دی ہے کہ سوشل میڈیا کتنی اہمیت رکھتا ہے۔
بصارت سے محروم مؤذن سےموبائل لوٹنے والے شخص نے بائیک رائڈر کے ذریعے قاری امجد کا موبائل جامعہ دار الہدیٰ گلستان جوہر کراچی بھجوا دیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ میڈیا پر خبریں آنے کے بعد چور اتنا گھبرا گیا کہ اس نے قاری امجد کا موبائل واپس بھجوا دیا۔
صحافی فیض اللہ خان  نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹوئیٹر پر بائیک رائیڈر کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ قاری امجد کو موبائل دینے آئے ہیں۔
بائیک رائیڈر شہاب خان کا کہنا ہے کہ حسن لیاقت نامی شخص نے رائیڈ بُک کی اور کہا کہ دار الہدی جا کر امجد صاحب کو یہ موبائل دے دیں۔
واضح رہے کہ کراچی کی ایک مسجد میں دھوکے سے نابینا نعت خواں کو لوٹ لیا گیا تھا، چور نعت ریکارڈ کر کے وائرل کرنے کے بہانے نابینا مؤذن سے موبائل اور رقم لے اڑا تھا۔ جس پر نابینا قاری کا موقف بھی سامنے آیا تھا کہ اس شخص نے نعت سنانے کا کہا اور میرا موبائل فون لے کر چلا گیا۔
متاثرہ مؤذن نے بتایا تھا’ نا معلوم شخص 1 لاکھ سے زائد مالیت کا فون لے کرفرار ہو گیا اور موبائل فون میں موجود اکاؤنٹ کی ایپ سے 35 ہزار روپے بھی نکال لیے جو میں نے عمرے کے لیے جمع کیے تھے‘۔
مسجد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کی ریکارڈنگ محفوظ ہو گئی تھی، جس میں ملزم کو مسجد میں آتے، نابینا مؤذن سے نعت سنتےاور موبائل لے کر فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر چور کی تصویر اور واردات کی ویڈیو گردش کرنے لگی۔  لوگوں نے مطالبہ کیا کہ غریب اور لاچار نابینا موذن کو انصاف دلائیں۔

تھانہ گلستان جوہر کے ہیڈ محرر محمد وسیم نے اپنے بیان میں بتایا کہ پولیس نے درخواست گزار سے مقدمے کے اندارج کیلئے کہا لیکن اس نے منع کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کردی گئی ہے، جس میں ملزم کا چہرہ اور طریقۂ واردات واضح ہے، لہٰذا آپ پہلے ملزم کی گرفتاری کی کوشش کریں اور عدم گرفتاری کی صورت میں مقدمہ درج کریں۔

گزشتہ روز ہی موبائل چور کو نابینا مؤذن پر رحم آگیا۔ اس نے آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے ذریعے مؤذن کا چوری کیا موبائل واپس بھجوا دیا۔

آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے رائیڈر شہاب خان کا کہنا تھا کہ الہ دین پارک کے سامنے ایک حسن لیاقت نامی شخص نے رائیڈ بک کی اور جب میں وہاں پہنچا تو اس نے مجھے یہ موبائل دے کر کہا کہ یہ موبائل دارالہدیٰ لے جائیں اور وہاں جاکر یہ موبائل امجد صاحب کو دے دیں۔