ایک نیوز:مچھروں کو دنیا کا سب سے قاتل جاندار تصور کیا جاتا ہے کیونکہ ان کیڑوں کی پھیلائی ہوئی بیماریوں کے باعث ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ویسے تو مچھر ہر فرد پر ہی حملہ آور ہو سکتے ہیں مگر کچھ عناصر ان کیڑوں کو اپنی جانب کھینچنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جی ہاں واقعی لباس کا رنگ آپ کو مچھروں کیلئےمقناطیس بنا سکتا ہے۔
لباس کے ساتھ ساتھ خون کا گروپ، پسینہ اور سانس بھی کسی فرد کو مچھروں کیلئےمقناطیس بنانے کا کردار ادا کرتے ہیں۔
تاہم امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی کی کچھ عرصے پہلے کی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا تھا کہ چند مخصوص رنگ مچھروں کو اپنی جانب زیادہ کھینچتے ہیں۔
اس تحقیق میں زرد بخار پھیلانے والے مچھروں کا جائزہ لیا گیا تھا کیونکہ یہ مچھر سب سے عام اقسام میں سے ایک سے تعلق رکھتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چند مخصوص رنگ مچھروں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق مچھر گہرے رنگوں کی جانب زیادہ رخ کرتے ہیں اور اس کی چندوجوہات بھی ہیں۔
گہرے رنگ حرارت کو زیادہ جذب کرتے ہیں اور اس سے مچھروں کو اپنے شکار کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ گہرے رنگ زیادہ نمایاں بھی ہوتے ہیں اور وہ آسانی سے مچھروں کی نظر میں آ جاتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ مچھر نارنجی، سرخ، سرخی مائل نارنجی اور گہرے نیلے رنگ کے لباس پہننے والے افراد کو زیادہ کاٹتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ رنگوں کے ساتھ ساتھ کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی اہم ہوتی ہے۔
یعنی مچھر گہرے رنگوں کی جانب اس وقت بڑھتے ہیں جب وہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو شناخت کرتے ہیں اور ہر فرد سانس کے ذریعے اس گیس کو خارج کرتا ہے۔
سرخی مائل نارنجی رنگ مچھروں کی توجہ کا مرکز اس لیے بھی بنتا ہے کیونکہ مچھروں کو انسانی جِلد کی رنگت بھی اس سے ملتی جلتی نظر آتی ہے۔
تحقیق کے دوران ایسے رنگوں کے بارے میں بھی بتایا گیا جو مچھر نظر انداز کر دیتے ہیں۔
محققین کے مطابق ہلکے رنگ جیسے سفید، سبز اور نیلے رنگ کے لباس پہننے والے افراد عموماً مچھروں کی توجہ کا مرکز نہیں بنتے۔
درحقیقت مچھر ہلکے رنگوں کو خطرہ تصور کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سورج کی روشنی میں کاٹنے سے گریز کرتے ہیں اور تاریکی میں زیادہ متحرک ہوتے ہیں، کیونکہ سورج کی روشنی سے ان کے مرنے کا خطرہ ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ہلکے رنگوں کو خطرہ تصور کرتے ہیں۔
محققین نے مزید بتایا کہ ہلکے رنگوں کے لباس پہننے سے مچھروں سے بچنے میں کسی حد تک مدد مل سکتی ہے تاہم کاربن ڈائی آکسائیڈ، جسمانی حرارت اور پسینے جیسے عناصر مچھروں کو آپ کی جانب کھینچ سکتے ہیں۔
البتہ اگر آپ کسی گہرے رنگ کا لباس پہنے فرد کے ساتھ کھڑے ہوں تو مچھر آپ کی بجائے اسے کاٹنے کو ترجیح دیں۔