چینی وزیر خارجہ جمعے کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے

May 04, 2023 | 00:29 AM

ایک نیوز :چینی وزیر خارجہ کن گینگ جمعے سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق چینی وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے چینی ہم منصب پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ ایک منظم طریقہ کار ہے جو اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیتا ہے۔ دونوں فریق ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار زندگی کی توثیق کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنا اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کا تیسرا دور جولائی 2021ء میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوا۔

مزیدخبریں