ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہناہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست کو بچایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ آج ہماری حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے، کابینہ میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا رواں سال رمضان پیکیج کے لئے 20ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، 40لاکھ خاندانوں کو دیجیٹل والٹ کے ذریعے 5ہزار روپے دیئے جائیں گے ، رمضان پیکیج میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، 50ہزار سے زائد فلسطینی غزہ میں شہید کئے جا چکے ہیں،کشمیر کی وادی بھی کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا ہماری معیشت ایک سال پہلے ہچکولے کھا رہی تھی، معیشت ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکی تھی، عالمی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان استحکام کی طرف جا رہا ہے، وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا، ایک سال میں حکومت کیخلاف اپوزیشن کوئی سکینڈل نہیں لا سکی، معیشت کی بہتری کیلئے نوازشریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
ا ن کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کے اتحادیوں کی محنت سے مشکل وقت سے نکلے، ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست کو بچایا، موجودہ حکومت میں مختلف جماعتوں کی ہمیں حمایت حاصل ہے، معاشی میدان میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے مشکلات کے دریا عبور کئے، دوست ممالک سے 5 ارب ڈالر کی امداد حاصل کی ہے۔