وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری

وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری
کیپشن: Negotiations between the Ministry of Finance and the IMF are ongoing

 ایک نیوز:  وزارت خزانہ پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان باضابطہ مذاکرات جاری ہیں، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن چیف نیتھن پورٹر نے کی۔
جولائی سے فروری تک معاشی اعشاریوں پر آئی ایم ایف وفد کو پریزنٹیشن دی گئی، مالیاتی خسارہ، پرائمری بیلنس، صوبوں کا سرپلس، ریونیو کلیکشن پر بریفنگ دی گئی، آئی ایم ایف وفد سے رواں مالی سال کیلئے جولائی سے جنوری تک ریونیو پر بات ہوئی، اکنامک ونگ، بجٹ ونگ، ایکسٹرنل فنانس ونگ، ریگولیشنز ونگ، ڈی جی ڈیٹ کی بریفنگ ،جولائی سے دسمبر مالیاتی خسارہ 1 ہزار 537 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ریونیو کلیکشن پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بریفنگ دی،ایف بی آر بورڈ ممبران بھی آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف وفد اقتصادی جائزہ کیلئے پاکستان پہنچا تھا،اقتصادی جائزہ مذاکرات15مارچ تک جاری رہیں گے، پہلے مرحلے میں تکنیکی اور دوسرے مرحلے میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے، آئی ایم ایف کا9رکنی وفد نیتھن پورٹر کی قیادت میں2ہفتے پاکستان میں قیام کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ کے لیے تجاویز بھی دیگا ، آئی ایم ایف کی رضامندی کی صورت میں ہی تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ملنے کا امکان ہے، وفد کے وزار ت خزانہ، وزارت توانائی، منصوبہ بندی اور سٹیٹ بینک سے مذاکرات ہوں گے،ایف بی آر، اوگرا، نیپرا سمیت دیگر اداروں اور وزارتوں کے ساتھ بھی مذاکرات ہوں گے۔