عالمی رہنماؤں کی وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر شہبازشریف کو مبارکباد

عالمی رہنماؤں کی وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر شہبازشریف کو مبارکبادیں
کیپشن: عالمی رہنماؤں کی وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر شہبازشریف کو مبارکبادیں

ایک نیوز :ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم،برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے وزیر اعظم شہبازشریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔

تفصیلات کےمطابق  ملائیشیاء کے وزیرَ اعظم  انور ابراہیم نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پروزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد کیلئے ٹیلیفون کیا ،انہوں  نے وزیرِ اعظم مد شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا.انہوں نے  قائد مسلم لیگ نواز محمد نواز شریف کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا. اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں. پاکستان ملائیشیاء کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے.

وزیراعظم شہبازشریف نے  ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم نور ابراہیم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی.جبکہ  برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ کیمرون نےبھی  نئی پاکستانی حکومت کے لیے تہنیتی پیغام بھیجا ہے ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک نازک وقت ہے،نئی پاکستانی حکومت کو تمام پاکستانی شہریوں کےلیے کام کرنا ہو گا،انہیں ضروری اصلاحات کرنا ہوں گی، میں پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہوں۔

جبکہ  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے  پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ،شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام بھیجا ، سعودی ولی عہد نے  وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ، سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی وزیراعظم شہبازشریف ٹیلیفون کیا اور انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی ۔نو منتخب وزیراعظم نے ترک صدر اردگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان تاریخی رشتوں کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان میں تاجکستان کے سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آگاہ کیا کہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنا پیغام بھیجا ہے۔

ایکس کی پوسٹ کے مطابق صدر امام علی رحمٰن نے کہا کہ امید ہے پاکستان کی پائیدارسماجی و اقتصادی ترقی، لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے شہباز شریف اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے ساتھ ہی تاجکستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور اعتماد برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔صدر امام علی نے شہباز شریف کو تاجکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ مزید مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہم لوگوں کے فائدے کے لیے اپنے ملکوں کی طویل مدتی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے’۔