ایک نیوز:پشاور کے علاقے شہاب خیل میں میاں بیوی نے مبینہ طور پر تلخ کلامی پر ایک دوسرے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے شہاب خیل میں بدھ بیر تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ حاجی مسلم کے بیٹے بخشیش نے مسماۃ نامی اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔جوابی فائرنگ سے زخمی بیوی نے شوہر کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی خاتون مقامی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگئیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا کیونکہ انہیں شبہ ہے کہ بیٹے نے اپنی ماں کی موت کا بدلہ لینے کے لیے اپنے ہی باپ کو قتل کرنے میں ملوث ہو سکتا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس گھر سے ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور خالی خول برآمد کرلیے ہیں، جبکہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
بخشیش کے بیٹے خان زیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں واقعے کو ’کراس فائرنگ‘ قرار دیا گیا ہے اور تفتیش کے لیے ڈی ایس پی بدھ بیر امتیاز عالم کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس نے کہا کہ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے اسلحے کی فرانزک رپورٹ سے اصل ملزمان کی شناخت میں مدد ملے گی۔