مکیش امبانی کے ڈرائیور کی تنخواہ کتنی ہے؟

Mar 04, 2023 | 15:34 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شمار ہونے والے انڈین ارب پتی مکیش امبانی کی دولت کا اندازہ تو اکثر ہی لگایا جاتا ہے لیکن ان کے ڈرائیور کی ماہانہ آمدن بھی کسی سے کم نہیں۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق تقریباً پانچ سال پہلے سنہ 2017 میں مکیش امبانی کے ڈرائیور کی ماہانہ تنخواہ دو لاکھ روپے تھی جو سالانہ 24 لاکھ بنتی ہے۔انڈیا سمیت اکثر ممالک میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد کی تنخواہوں کا جائزہ لیا جائے تو ان میں سے اکثریت مکیش امبانی کے ڈرائیور سے کم ہی کما رہے ہوں گے۔لیکن یہ واضح نہیں کہ آج کل کے دور میں مکیش امبانی نے اپنے ڈرائیور کی تنخواہ میں مزید کتنا اضافہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مکیش امبانی کی فیملی کے لیے ڈرائیوروں کو ایک نجی کمپنی کے ذریعے بھرتی کیا جاتا ہے جو باقاعدہ ٹریننگ سے گزرنے کے بعد ڈیوٹی کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔
مکیش امبانی کی بلٹ پروف اور لگژری گاڑیاں چلانے کے لیے خاص مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسے ڈرائیور جو مشکل راستوں اور غیرمعمولی حالات میں بھی تحمل سے اپنا فرض نبھا سکیں۔
ارب پتی کے متعلق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کے گارڈز اور کُک سمیت دیگر ذاتی عملے کو بھی الاؤنس کے علاوہ انشورنس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
گزشتہ سال جون میں انڈیا کی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے اڈانی گروپس کے مالک گوتم اڈانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز واپس لے لیا تھا۔
مکیش امبانی دنیا کے آٹھویں امیر ترین شخص قرار دیے جانے کے بعد گوتم اڈانی نویں نمبر پر چلے گئے تھے۔

مزیدخبریں