ایک نیوز: انڈین فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی پر شیئرز کی قیمتوں میں مبینہ ہیرا پھیری کرنے کے الزام میں پابندی لگا دی گئی ہے۔
ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق حالیہ دنوں میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے شیئرز کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر سکیورٹی مارکیٹ میں حصہ لینے والے 45 افراد پر پابندی لگائی ہے جن میں اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی بھی شامل ہیں۔
ایس ای بی آئی نے یہ فیصلہ دو فرمز شارپ لائن براڈکاسٹ اور سادھنا براڈکاسٹ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا۔
ان دونوں فرمز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ کیسے ان فرمز کے شیئر خرید کر غیر معمولی منافع کمایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ایس ای بی آئی نے مبینہ طور پر ان گمراہ کن ویڈیو سے حاصل کی جانے والی 54 کروڑ روپے کی رقم بھی اپنے قبضے میں لی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس طریقے سے ارشد اور ماریہ نے مبینہ طور پر 29 لاکھ اور 37 لاکھ روپے بالترتیب کمائے ہیں۔
Please do not believe everything you read in the news. Maria and my knowledge about stocks is zero, took advice and invested in Sharda, and like many other, lost all our hard earned money.
— Arshad Warsi (@ArshadWarsi) March 2, 2023
دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ارشد وارثی اس بارے میں لکھتے ہیں کہ ’براہ کرم جو چیز آپ خبروں میں پڑھیں اس پر یقین مت کریں۔ سٹاک ایکسچینج کے بارے میں ماریہ اور میری معلومات صفر ہیں۔ ہم نے مشورہ لیا اور شاردا میں پیسے لگائے اور باقی کئی لوگوں کی طرح اپنی محنت کی کمائی گنوا بیٹھے۔‘
خیال رہے ارشد وارثی آخری مرتبہ گزشتہ سال اکشے کمار کے ساتھ فلم ’بچن پانڈے‘ میں نظر آئے تھے۔ اِسی سال ہی انہوں نے ایک ویب سیریز ماڈرن لو ممبئی میں بھی کام کیا تھا تاہم رواں سال جنوری میں انہوں نے سنجے دت کے ساتھ فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کا پوسٹر ریلیز کیا تھا۔