ایک نیوز: پیپلزپارٹی نے اپنے کارکنوں کے دکھ درد میں شمولیت کی روایت برقرار رکھی۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو بانی کارکن مانی پہلوان کی تعزیت کیلئے ان کے گھر گڑھی شاہو کے غازی محلہ پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے بانی کارکن مانی پہلوان کی تعزیت کیلئے گڑھی شاہو کے غازی محلہ پہنچے۔ جہاں انہوں نے مرحوم مانی پہلوان کی صاحبزادیوں اور صاحبزادوں عمران ڈار، کامران ڈار اور عامر ڈار سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم مانی پہلوان کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم مانی پہلوان نے جمہوریت کی بقا اور استحکام کے لئے قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں اور تشدد کا سامنا کیا۔ مانی پہلوان ایک مثالی سیاسی کارکن تھے، ان کی بھٹوازم سے وابستگی ناقابل فراموش تھی۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جیالے مانی پہلوان کی قربانیوں اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔