ایک نیوز: اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم مساج سنٹر پر پرائیویٹ میڈیا کے چھاپے کے کیس کا تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی ایس پی لیگل کو 13 مارچ کو انکوائری سمیت طلب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ حکمنامے کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کو دس دنوں کے اندر انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ پرائیویٹ افراد کی تفصیلات عدالت میں جمع کروائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد عدالت کو بتائیں کہ ایف آئی آر کن بنیادوں پر درج کی گئی۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو جائے وقوعہ کی یو ایس بی مہیا کی گئی۔ ویڈیو عدالت میں چلائی گئی جس میں پرائیویٹ افراد ریڈ کرتے دیکھے گئے۔ فوٹیج کے مطابق پرائیویٹ افراد کے پاس وائرلیس تھے، سپا (مساج سنٹر) ریسیپشن سے پیسے لیتے دیکھےگئے۔
فوٹیج کے مطابق پرائیویٹ افراد سپا کے کمروں میں جاتے دکھائی دیے۔ پرائیویٹ افراد نے کمروں سے خواتین اور مردوں کو نکالا اور تشدد بھی کیا۔ مجسٹریٹ کے مطابق وہ پرائیویٹ افراد کو نہیں جانتا۔ پرائیویٹ افراد کیجانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت 13 مارچ کو مقرر کردی گئی ہے۔