انسداد دہشتگردی پر 2 روزہ مذاکرات کیلئے امریکی وفد پاکستان کیلئے روانہ

انسداد دہشتگردی پر 2 روزہ مذاکرات کیلئے امریکی وفد پاکستان کیلئے روانہ
کیپشن: US delegation left for Pakistan for 2-day talks on counter-terrorism(file photo)

ایک نیوز: انسداد دہشتگردی پر 2 روزہ مذاکرات میں شرکت کیلئے امریکی وفد پاکستان کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔ پاک، امریکا مذاکرات کا آغاز 6 مارچ سے ہوگا، جس میں سرحدی سیکیورٹی پر گفتگو ہوگی۔ 

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی انٹر ایجنسی کا وفد دورہ پاکستان کیلئے روانہ ہوچکا ہے۔ مذاکرات میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، امریکا کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی کرسٹو فر لینڈ برگ وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پاک ، امریکا انسداد دہشت گردی مذاکرات 6 اور 7 مارچ کو ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سیکیورٹی اور دہشت گردوں کی مالی مدد روکنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کا موقف ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال ہو رہی ہے، کابل کے ساتھ اسلام آباد کے تعلقات اسی لئے خراب ہوئے ہیں کہ طالبان حکومت دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہیں کر رہی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ طالبان افغانستان میں موجود دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔