ایک نیوز: صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں دوران ڈکیتی خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے 3 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے، پولیس نے ذیشان ، عامر اور ساجد نامی ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔
گوجرانوالہ پولیس کے مطابق لدھے والا وڑائچ پولیس ملزمان کو برآمدگی کے لئے لے جا رہی تھی کہ راستے میں ساتھیوں نے فائرنگ کر کے ملزمان کو پولیس حراست سے چھڑوالیا ، ملزمان اور ان کے ساتھیوں کا ہرپوکی کے قریب پولیس سے آمنا سامنا ہوا۔پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ ان کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان نے تھانہ اروپ، تتلے عالی اور لدھیوالہ وڑائچ میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ ملزمان نے 26 فروری کو اروپ میں دوران ڈکیتی ماں اور بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی جس کا مقدمہ درج کروانے پر ملزمان نے دوبارہ متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
گوجرانوالہ میں دوران ڈکیتی زیادتی کے واقعات پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لیا تھا۔محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور قرار واقعی سزا دلانے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔