ایک نیوز: عدلیہ مخالف بیان پر ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بیان حلفی جمع کرادیا۔
تفصیلا ت کے مطابق مصطفی کمال نے بیان حلفی میں کہا ہے کہ ججز باالخصوص اعلی عدلیہ کے ججز کا دل سے احترام کرتا ہوں، عدلیہ اور ججز کے اختیارات اور ساکھ کو بدنام کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا،میں عدلیہ سے متعلق اپنے ہر بیان باالخصوص 16 مئی کی پریس کانفرنس پر غیر مشروط معافی کا طلب گار ہوں ۔
مصطفی کمال نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ معزز عدالت سے معافی کی درخواست اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سینیٹر فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا ۔ دونوں رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہوگی۔