محکمہ داخلہ پنجاب کے  عید الاضحی کے  حوالے سے اہم احکامات جاری  

Jun 04, 2024 | 10:58 AM

ایک نیوز: محکمہ داخلہ  پنجاب نے کالعدم تنظیموں  کے کھالیں اکھٹی کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ 

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب  کے مطابق   صرف چیریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے، عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 لاگو ہو گی۔ عید کی چھٹیوں میں دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی کی اجازت نہیں ہوگی ۔ جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول یا کینال میں پھیکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد ہوگی  ۔ 

محکمہ داخلہ پنجاب نے  صوبہ بھر کی عید گاہوں، مساجد اور مدارس میں اضافی سکیورٹی انتظامات کی ہدایت    کی ہے۔تمام مویشی منڈیوں میں بھی بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انتظامیہ یقینی بنائے کہ مویشی منڈیوں میں کسی قسم کا کمیشن یا بھتہ وصول نہ کیا جائے۔ پنجاب بھر میں کوئی غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونے دی جائے، مری اور گلیات میں سیاحوں کی آمد اور ٹریفک کنٹرول کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔  

محکمہ  داخلہ پنجاب  نے  عید سے قبل تمام انتظامات یقینی بنانے کیلئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز پولیس اور متعلقہ محکموں کیساتھ  بات چیت  کرنے کی ہدایت کی ہے۔  

مزیدخبریں