وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ  

Jun 04, 2024 | 10:44 AM

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف   وفاقی وزرا کے ہمراہ  دورہ چین کیلئے روانہ  ہوگئے ہیں۔  

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف  چینی صدر شی جن پنگ اور ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی وزرا برائے خارجہ،اطلاعات اور توانائی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔  

وزیراعظم نیشنل پیپلز کانگریس کی  سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملیں گے۔ ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت بھی متوقع ہے۔   

وزیراعظم  شہباز شریف بیجنگ کے علاوہ چینی صوبوں گوانگ ڈونگ اور شانزی کا بھی دورہ کریں گے۔    

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا آج 4 جون سے شروع ہونے والا دورہ  چین 8 جون کو اختتام پذیر  ہو گا۔ شہباز شریف 4 اور 5 جون کو چینی شہر شینزین کا دورہ  جبکہ 6 سے 7 جون تک چین کے شہر بیجنگ کا دورہ  اور  8 جون کو چین کے شہر ژیان کا دورہ کریں گے ۔

وزیراعظم شہباز شریف  8 جون کو چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔ وزیرِ اعظم   چین میں حکومتی عہدیداروں بالخصو ص چینی صدر سے ملاقات کریں گے۔

وزیرِ اعظم  کا دورہ  چین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پُرامن اور قابلِ عمل ماحول دینے میں کردار ادا کرے گا۔ دورے سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔  

وزیرِ اعظم کا دورہ پاک چین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے ۔ مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے دونوں ممالک کو طویل مدتی فوائد  حاصل  ہوں  گے۔   

مزیدخبریں