وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پوپ فرانسس سے  ملاقات  

Jun 04, 2024 | 10:32 AM

ایک نیوز:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ویٹیکن سٹی   میں   پوپ فرانسس  سے ملاقات کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ویٹیکن سٹی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا ۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی ،انٹرفیتھ ڈائیلاگ ، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال   کیا گیا۔ پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعدگرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا ۔  

پوپ فرانسس  کا  کہنا تھا کہ  پاکستان کے عوام کے لئے میرا پیغام امن کا ہے۔ ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے۔   پاکستان کا دورہ کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔  

پوپ فرانسس   نے کہا کہ  فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے اور میں روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے بات کرکے اپ ڈیٹ لیتا ہوں۔ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔  

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر موثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔  

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ    دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ مسئلہ  فلسطین کے حوالے سے آپ نے جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔  جسے ہر ایک نے سراہاہے ۔ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارا دین ، ہمارے نبی کریمﷺ ہمارے قائد اعظم محمد علی جناح اور ہمارا آئین بھی اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی ہے ۔  

پوپ فرانسس نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔   

مزیدخبریں