روز ویلٹ ہوٹل نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کےحوالےکردیا:سعدرفیق

روز ویلٹ ہوٹل نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کےحوالےکردیا:سعدرفیق
کیپشن: پی آئی اےکی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کےحوالے

ایک نیوز: وفاقی وزیر  ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نےکہا ہے کہ نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل  کو  نیویارک  سٹی ایڈمنسٹریشن کو 3 سال کی لیز پر دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر  ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل لینڈ مارکنگ کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے، اب ہوٹل کی عمر 100 سال سے زائد ہو گئی ہے، روز ویلٹ ہوٹل کو لیز  پر دینے سے پاکستان کے خزانے میں پیسے آنے لگے ہیں، قیمتی ترین اثاثہ محفوظ کرکے کمائی والی جگہ بنادی گئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سخت پریشان تھےکیونکہ روز ویلٹ ہوٹل کی لینڈ مارکنگ کا خطرہ تھا، معاہدے کے تحت ہوٹل ملازمین کو فارغ کیاجائےگا، 77 باقی رہ جائیں گے، روز ویلٹ ہوٹل کے بکنے کی کہانیاں ختم ہوگئیں، روزویلٹ ہوٹل کی لیز کے معاہدے سے 220 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی، روزویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو لیز پر دیا گیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کراچی ،لاہور  اور  اسلام آباد ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، سب سے  پہلے اسلام آباد ہوٹل کی آؤٹ سورسنگ کی جائےگی، دنیا کے بیشتر ائیرپورٹس آؤٹ سورس ہیں ، پاکستان میں آؤٹ سورسنگ کا تجربہ کسی کو نہیں ہے۔پی آئی اے کی حالت بدلنی پڑےگی، پرائیوٹ سیکٹر کو بیچ میں لانا پڑےگا، پی آئی اے میں کوئی بے روزگار  نہیں ہوگا۔