ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کیلئے 2مجوزہ نام سامنے آگئے جبکہ سینئر سیاست دان جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کو پارٹی نام کی منظوری کے بعد رجسٹریشن کا ٹاسک سونپ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیاست میں جوڑ توڑ جاری ہے، ایسے میں سینئر سیاست دان جہانگیر ترین نے نئی پارٹی کا نام فائنل کرنے کیلئے اسحاق خاکوانی اور عون چودھری سمیت لیگل ٹیم کو پارٹی کا نام فائنل کرنے کی ہدایت کی ہے اور نام کی منظوری کے بعد رجسٹریشن کیلئے اقدامات کا بھی ٹاسک دے دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ لیگل ٹیم پارٹی کے ناموں، الیکشن کمیشن کو درکار تمام تقاضے پورے کرے گی۔
قبل ازیں جہانگیر ترین گروپ کی نئی سیاسی جماعت کیلئے عوام دوست پارٹی اور پاکستان انصاف پارٹی کے ناموں پرغور کیا جارہا تھاتاہم فی الحال اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔جہانگیر ترین 9 مئی کے واقعات کے بعد نئی پارٹی کیلئےسرگرم ہیں، اس کیلئے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں سے بھی مسلسل رابطے کئے جارہے ہیں، وہ پنجاب کے سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔
ترین گروپ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال پارٹی کے دونوں نام ابھی حتمی نہیں ہیں، مشاورت جاری ہے، پارٹی اراکین کے ساتھ مشورہ کیا جارہا ہے، تیسرا نام بھی سامنے آسکتا ہے لیکن باہمی مشاورت سے نام کا اعلان کیا جائے گا۔